بالی وڈ اداکار سلمان خان نے اپنے بیڈروم میں کسی نادیدہ قوت کی موجودگی کا انکشاف کیا ہے۔
ڈائریکٹر و پروڈیوسر کرن جوہر کے پروگرام میں سلمان خان نے دوران گفتگو انکشاف کیا کہ ان کے کمرے میں کسی ایسی چیز کی موجودگی کا احساس ہوتا ہے جو کبھی نظر نہیں آئی۔
اداکار نے بتایا کہ میں بیڈروم میں کبھی اکیلا نہیں رہا، وہاں ہمیشہ میرے ساتھ کوئی ایسا شخص موجود ہوتا تھا جسے میں نے کبھی دیکھا نہیں تھا، صرف اس کے بارے میں سنا تھا۔
سلمان خان نے مزید کہا کہ جب بھی میں اس کمرے سے باہر نکلتا تو بتیاں جلنے اور بجھنے لگتیں،الماریاں خود بخود کھل جاتیں اور میوزک سسٹم خود ہی چل پڑتا اور جب بھی میں باتھ روم میں ہوتا تو مجھے باہر کسی کی موجودگی کا احساس ہوتا، جیسے کوئی الماریوں کے دروازے کھول رہا ہو۔
کرن جوہر کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ کیا ان کے کمرے میں جنات ہیں اس پر اداکار نے کہا کہ ضروری نہیں جنات ہوں لیکن انہیں اپنے اردگرد کسی کی ’موجودگی‘ کا احساس ہوتا تھا۔
سلمان نے یہ بھی کہا کہ وہ ان سے خوفزدہ نہیں ہوئے کیونکہ ان چیزوں سے کبھی کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ اداکار نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ میری اس سے بس یہی درخواست تھی کہ اگر تم واقعی ایک خوبصورت عورت ہو، تو میرے سامنے ظاہر ہو جاؤ۔
