چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیاکھون نے 20 اپریل کو یومیہ پریس کانفرنس میں امریکہ اور فلپائن کے درمیان سالانہ فوجی مشقوں کے آغاز کے حوالےسے تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ یکطرفہ پسندی اور فوجی بالادستی نے دنیا کو پہلے ہی شدید نقصانات سے دوچار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایشیا پیسیفک خطے کو سب سے زیادہ امن اور استحکام کی ضرورت ہے، جبکہ بیرونی طاقتوں کی جانب سے مداخلت اور تقسیم و محاذ آرائی کو ہوا دینا اس خطے کی ضرورت نہیں ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ممالک کے درمیان فوجی اور سیکیورٹی تعاون کو علاقائی امن و استحکام کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے اور نہ ہی اسے تیسرے فریق کے مفادات کو نشانہ بنانا اور نقصان پہنچانا چاہیے۔انہوں نے متعلقہ ممالک کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے نام پر ایک دوسرے کے ساتھ حد سے زیادہ گٹھ جوڑ بالآخر خود ان کے لیے نقصان دہ ثابت ہوگا۔
