کراچی میں گرمی کا راج ہے صبح سے ہی حبس کا عالم ہے جبکہ لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھی پہلے نمبر پر ہے۔ پشاور میں آج موسم خشک اور مطلع صاف رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر قائد میں سمندری ہوائیں بند ہے جبکہ مغربی سمت سے ہوائیں چل رہی ہے، دوپہر کے اوقات میں گرمی کی شدت 3 سے 4 ڈگری زیادہ محسوس کی جائے گی، بارش کا تاحال کوئی امکان نہیں ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اکتوبر کراچی میں سال کا دوسرا گرم ترین مہینہ ہوتا ہے تاہم شہر میں گرمی کی شدت مزید 8 سے 9 روز برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے۔
کراچی میں رات کے درجہ حرارت میں کمی آنا شروع ہوگئی ہے، شہر میں سردی کا آغاز عموماً 15 دسمبر سے ہوتا ہے، جبکہ جنوری کے ابتدائی 10 روز سرد ترین دن ہوتے ہیں۔
لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں آج بھی پہلے نمبر پر موجود ہے۔ شہر کا ایئر کوالٹی انڈکس 200 سے زائد ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آج شہر کا مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا۔
لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں سردیوں کا باقاعدہ آغاز نومبر میں متوقع ہے، جبکہ اکتوبر کے آخری دنوں اور نومبر کے پہلے ہفتے میں آنے والے موسمی نظام کے بعد درجہ حرارت میں نمایاں تبدیلی آنے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 8 سے 10 برس کے دوران موسم کے معمولات میں تبدیلی دیکھی گئی ہے، جس کے باعث سردی دیر سے شروع ہونے اور شدید سردی کا دورانیہ کم ہونے کے رجحانات سامنے آئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق پاکستان میں سردیوں کا عمومی سیزن 15 نومبر سے 15 مارچ تک رہتا ہے تاہم گلوبل وارمنگ، گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج اور فضائی گردش کے نظام میں تبدیلیاں درجہ حرارت اور موسمی معمولات پر اثر انداز ہو رہی ہیں۔ شدید سردی کا دورانیہ تقریباً 75 دن سے کم ہو 50 دن تک رہ گیا ہے، جبکہ رات اور دن کے درجہ حرارت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق رواں سیزن کے لیے جاری تین ماہ کی پیش گوئی میں بارشیں معمول کے قریب اور درجہ حرارت معمول سے قدرے زیادہ رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ موسمی نظاموں سے فضا میں آلودگی کے پھیلاؤ کے لیے نسبتاً سازگار حالات پیدا ہونے کی توقع ہے، تاہم سموگ کی شدت اور دورانیے کا حتمی اندازہ موسمی حالات کے مطابق ہی لگایا جا سکتا ہے۔
