اسلام آباد: ساہیوال کول پاور پلانٹ کے نوجوان اور باصلاحیت گلوکار عمیر شاہد نے 2026 کے کلچر چائنا · واٹر کیوب کپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری پوزیشن حاصل کر لی، جس پر انہیں بھرپور داد اور اعزاز سے نوازا گیا۔ ان کی اس کامیابی کو پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط ثقافتی تعلقات اور دوستی کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا جا رہا ہے۔جاری بیان کے مطابق عمیر شاہد نے چینی گائیکی کے ذریعے نہ صرف چینی زبان اور ثقافت کو فروغ دیا بلکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت، ہم آہنگی اور دوستی کے رشتے کو بھی مزید مستحکم کیا ہے۔ وہ پاکستان کے مختلف شہروں میں چینی گانوں کی کامیاب پرفارمنس دے چکے ہیں اور متعدد ایوارڈز اور اعزازات حاصل کر چکے ہیں۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عمیر شاہد نے کہا کہ ان کی خواہش ہے کہ وہ مستقبل میں چین سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں جا کر چینی گائیکی پیش کریں تاکہ “آئرن برادر” پاک چین دوستی کو عالمی سطح پر مزید اجاگر کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونا دونوں ممالک کے درمیان لازوال دوستی کا ثبوت ہے۔اس سے قبل عمیر شاہد پورٹ قاسم پاور پلانٹ، سلک روڈ کلچرل سینٹر، پاک چائنا فرینڈشپ سینٹر، چین کا سفارت خانہ، اسلام آباد سیرینا ہوٹل اور ساہیوال کول پاور پلانٹ سمیت مختلف اہم تقریبات میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔تقریب میں پاکستان کے مقامی موسیقی ماہرین، چینی زبان کے اساتذہ، چینی کمیونٹی کے نمائندگان، سیاسی و سماجی شخصیات، میڈیا نمائندگان، کنفیوشس انسٹی ٹیوٹس کے اساتذہ و طلبہ اور مختلف چینی کمپنیوں کے سربراہان نے شرکت کی۔واضح رہے کہ 2011 میں شروع ہونے والا کلچر چائنا · واٹر کیوب کپ آج دنیا بھر میں چینی زبان اور ثقافت کے فروغ کا ایک اہم عالمی پلیٹ فارم بن چکا ہے، جو مختلف ممالک کے نوجوانوں کو موسیقی کے ذریعے ایک دوسرے کے قریب لانے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
