حوثی ملیشیا کا مدینہ منورہ پر ایک اور ڈرون حملہ ناکام بنا دیا گیا، سعودی اتحادی فوج نے چار ڈرونز فضا میں ہی تباہ کردیے۔
سعودی اتحادی فوج کے مطابق 4 ڈرونز کو مدینہ ریجن اور مشرقی صوبے میں کارروائی کے دوران تباہ کیا گیا۔ تاہم حملے کے ممکنہ نقصانات سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آئیں۔
دوسری جانب یمنی حکومتی فورسز نے 24 گھنٹوں میں حوثی ملیشیا کے 558 جنگجوؤں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
یمنی حکومتی فورسز نے کہا کہ حوثی اکثریتی ملیشیا کی 135 فوجی گاڑیوں کو تباہ کردیا گیا ہے، صوبہ تعز میں حوثیوں کی پیش قدمی روک دی۔
حوثی باغیوں کے حالیہ حملوں کے بعد 10 اکتوبر سے عارضی طور پر بند سعودی دارالحکومت ریاض کے کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو محدود اور سخت ترین شرائط کے ساتھ فضائی ٹریفک کیلئے دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔
سعودی عرب کی سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری تازہ نوٹم کے مطابق ریاض ایئرپورٹ پر آمد اور روانگی کی پروازوں کیلئے ایوی ایشن اتھارٹی سے پیشگی اجازت لینا لازمی ہے۔
سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ریاض کو متبادل ایئرپورٹ کے طور پر استعمال کرنے پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔
