پشاور: خیبر پختونخوا کے مشیر برائے صنعت نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو صنعتوں کی ضروریات کے مطابق فنی تربیت فراہم کرکے روزگار اور خود روزگاری کے مواقع بڑھائے جا سکتے ہیں۔ چائنہ ونڈو کی جانب سے محکمہ صنعت کے ساتھ مل کر فنی تعلیم اور ہنرمندی کے فروغ کی تجویز خوش آئند ہے، جسے متعلقہ اداروں کی مشاورت سے قابلِ عمل شکل دی جا سکتی ہے۔وہ چائنہ ونڈو پشاور کے زیرِ اہتمام چین کے روایتی مڈ آٹم فیسٹیول کی تقریب سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
مشیر صنعت نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے نوجوان صلاحیت اور محنت کے جذبے سے مالامال ہیں، تاہم انہیں ایسی عملی تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے جو صنعت کی حقیقی ضروریات سے ہم آہنگ ہو۔ جدید مشینری کے استعمال، مرمت، معیاری مصنوعات کی تیاری اور ٹیکنالوجی سے متعلق مہارتیں نوجوانوں کے معاشی مستقبل کو بہتر بنانے کے ساتھ صنعتوں کو تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کر سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چین کے صنعتی تجربات سے استفادے کے لیے مقامی ضروریات، موجودہ تربیتی سہولتوں اور بہتری کے امکانات کا جائزہ لینا ہوگا۔ چائنہ ونڈو چینی زبان کی تعلیم، ثقافتی آگاہی اور متعلقہ چینی اداروں سے رابطوں کے ذریعے اس عمل میں مفید کردار ادا کر سکتا ہے۔
انہوں نے تجویز دی کہ ممکنہ تعاون کے لیے ایک واضح منصوبہ تیار کیا جائے، جس میں ترجیحی ہنر، متعلقہ اداروں، تربیت کے دورانیے اور نوجوانوں کے انتخاب کے طریق کار کی نشاندہی ہو۔ مقامی صنعتوں کو بھی مشاورت میں شامل کیا جائے تاکہ تربیت مکمل کرنے والے نوجوانوں کے لیے عملی تجربے اور روزگار کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ صنعت اور متعلقہ فنی تربیتی اداروں کے ساتھ بامقصد گفتگو آگے بڑھانے کی خواہش ظاہر کی ۔مشیر صنعت نے پاک چین دوستی کو دونوں ملکوں کے عوام کے لیے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوامی رابطے، زبان سیکھنے کے مواقع اور تعلیمی و کاروباری تعاون اس تعلق کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔ انہوں نے چائنہ ونڈو کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ثقافتی قربت سے پیدا ہونے والا اعتماد فنی اور صنعتی تعاون کی مضبوط بنیاد بن سکتا ہے۔مڈ آٹم فیسٹیول کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خاندان کے ملاپ، شکرگزاری اور خوشیاں بانٹنے کا یہ تہوار پاکستان اور چین کی مشترک انسانی اقدار کی عکاسی کرتا ہے۔
قبل ازیں چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک نے کہا کہ مرکز چینی زبان کی مفت کلاسوں اور ثقافتی و تعلیمی سرگرمیوں کے ذریعے عوامی رابطوں کو فروغ دے رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چائنہ ونڈو محکمہ صنعت کے ساتھ مل کر نوجوانوں کی فنی تربیت میں کردار ادا کرنے کا خواہاں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چینی زبان کے ساتھ فنی مہارت نوجوانوں کو صنعتی تعاون اور روزگار کے مواقع سے بہتر فائدہ اٹھانے کے قابل بنا سکتی ہے۔
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً
اشترك في نشرتنا الإلكترونية مجاناً.
Previous Articleبلوچستان میں زلزلے کے شدید جھٹکے، خوف و ہراس پھیل گیا
Related Posts
اہم روابط
