وائرل ویڈیو کے بعد فہد شیخ نے سینئر اداکار محمد احمد سے معافی مانگ لی۔
سینئر اداکار اورمصنف سید محمد احمد کی جانب سے ایک پوڈکاسٹ میں جونیئر اداکار کے نامناسب رویے سے متعلق کیے گئے انکشافات کے بعد شوبز انڈسٹری میں جاری تنازع نے نیا رخ اختیار کر لیا ہے۔ مبینہ طور پر اس واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر متعلقہ اداکار کے طور پر فہد شیخ کا نام زیرِ بحث آگیا۔
چندروزقبل سید محمد احمد نےایک انٹرویومیں بتایاتھاکہ ایک کم عمر اداکار نےدومختلف ڈراموں کی شوٹنگ کےدوران انکےگنجے پن،قد اور رنگت پرباربارطنزیہ جملے کسے،انہوں نےشوٹنگ کا ماحول خراب ہونے سے بچانے کے لیے خاموشی اختیار کی۔
اس انکشاف کےبعدشوبز شخصیات نےسید محمد احمد سے اظہارِ یکجہتی کیا،جبکہ اداکار شمعون عباسی سمیت کئی فنکاروں نے متعلقہ اداکار سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا تھا۔

تنقید کے بعد فہد شیخ نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ویڈیو شوٹنگ کے دوران ہونے والے ایک مذاق کا حصہ تھی، کیونکہ سیٹ پر فنکارعموماً ایک خاندان کی طرح ماحول میں کام کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگر ان کے کسی عمل سے سید محمد احمد کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔

