پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ سے قبل قومی ٹیم کی قیادت میں بڑی تبدیلی کرتے ہوئے عماد شکیل بٹ کو کپتانی سے ہٹا کر ابوبکر کو نیا کپتان مقرر کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق یہ فیصلہ پی ایچ ایف کے صدر محی الدین احمد وانی نے پروفیشنل ڈیولپمنٹ کمیٹی کی تجاویز کی روشنی میں کیا ہے۔ فیڈریشن نے واضح کیا کہ سابق کپتان عماد شکیل بٹ بحیثیت سینیئر کھلاڑی ٹیم میں شامل رہیں گے اور اپنی خدمات فراہم کرتے رہیں گے۔
پی ایچ ایف نے امید ظاہر کی ہے کہ نئ قیادت، سینئر کھلاڑیوں کا تجربہ اور نوجوانوں کا جوش مل کر ٹیم کو ایک متحد اور نڈر انداز میں پیش کرنے میں مددگار ثابت ہوگا۔
نو منتخب کپتان ابوبکر 30 جولائی سے کوریا کے خلاف شروع ہونے والی ہوم سیریز میں پہلی بار ٹیم کی کمان سنبھالیں گے، جس کے بعد قومی ٹیم 15 اگست سے شروع ہونے والے ہاکی ورلڈ کپ میں ان کی زیرِ قیادت میدان میں اترے گی۔
پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان عماد بٹ نے کہا کہ پاکستان کی نمائندگی میرے لیے سب سے بڑا اعزاز ہے، کپتانی جا ہوسکتی ہے، لیکن پاکستان کے لیے میرا جذبہ کبھی ختم نہیں ہوگا، پاکستان کو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی کرانے پر فخر ہے۔ میری وفاداری کسی عہدے سے نہیں، پاکستان سے ہے۔
