آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کا تربیتی طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا۔ حادثے میں 2 پائلٹس شہید ہوئے ہوگئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق طیارہ تربیتی پرواز کے دوران مردان کے قریب گرکرتباہ ہوا، فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہ عباسی حادثے میں شہید ہوگئے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ حادثے کی وجوہات جاننے کیلئے ایئرہیڈ کوارٹرز کی جانب سے تحقیقاتی بورڈ تشکیل دیدیا گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے مردان کے قریب پاک فضائیہ کے تربیتی طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ نے حادثے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے دونوں پائلٹس کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی وطن کے لیے قربانی کو سلام پیش کیا۔
وزیراعظم نے حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہید ہونے والے جوانوں کی بلندی درجات کیلئےدعا گو ہیں۔ فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم اور لیفٹیننٹ طٰہٰ عباسی کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتا ہوں، پاک افواج کی دفاع وطن کے لئے پیشہ ورانہ مہارت بے مثال ہے۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کیپٹن قاسم اور کیپٹن طلحہ نے فرض کی ادائیگی کے دوران شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا اور پوری قوم کو ان کی بہادری اور قربانی پر فخر ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے حادثے میں زخمی ہونے والے 3 افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی اور کہا کہ زخمیوں کی ہر ممکن طبی امداد کو یقینی بنایا جائے گا۔
وفاقی وزیرعبدالعلیم خان نے پاکستان ایئر فورس کے تربیتی طیارے کے حادثے میں فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور لیفٹیننٹ طحہٰ عباسی کی شہادت پر لواحقین سے دلی تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ یہ نقصان انتہائی افسوسناک ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ تربیتی طیارے کو پیش آنے والا حادثہ ایک دکھ بھرا واقعہ ہے اور شہدا کی قربانیاں پوری قوم کے لیے قابلِ فخر ہیں۔انہوں نے پاک فضائیہ کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہدا قوم کا فخر ہیں اور ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
