کینیڈا سے پاکستان منتقل ہونے والے معمر میاں بیوی کو نارتھ کراچی ناگن چورنگی کے قریب گھر میں مبینہ طور پر قتل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق نارتھ کراچی ناگن چورنگی کے قریب گھر سے بزرگ میاں بیوی کی لاشیں ملیں، جاں بحق شوہر کی شناخت 70 سالہ محمد یامین ولد خدا بخش اور اہلیہ کی شناخت 65 سالہ نفیس اختر کے نام سے کی گئی۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں میاں بیوی کے جسم پر تیز دھار آلے کے وار کا کوئی نشان نہیں پایا گیا جبکہ ڈکیتی کے بھی کوئی آثار نہیں ملے ، فوری طور پر کرائم سین یونٹ کو طلب کرلیا جس نے موقع پر پہنچ کر دستیاب شواہد حاصل کیے ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ عباسی شہید اسپتال میں ابتدائی معائنے میں دونوں میاں بیوی کے ناک اور کان سے خون بہنے کے شواہد سامنے آئے اور شبہ ہے کہ زیادہ خون بہنے سے ان کی موت واقع ہوئی ، جبکہ یہ بھی شک ہے کہ دونوں میاں بیوی کو کوئی زہریلی چیز کھلائی یا پلائی گئی ہے۔
دونوں میاں بیوی گھر فروخت کرنے کیلئے آئے ہوئے تھے، گھر کی مرمت اور تزئین و آرائش کروارہے تھے، حکام نے مزید بتایا کہ گھر ایک رشتے دار کو کرائے پر دیا ہوا تھا اور گزشتہ ماہ اس سے خالی کرالیا گیا تھا۔ پولیس رشتے داروں اور مزدوروں سے رابطہ کرنے کی کوشش کررہی ہے واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ اور وزیرداخلہ ضیاالحسن لنجار نے واقعے کا نوٹس لےلیا، ایڈیشنل آئی جی کراچی اورایس ایس پی سینٹرل سےفوری رپورٹ طلب کرلی، مراد علی شاہ نے کہا کہ ملزمان کوفوری گرفتار کرکے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
