اسلام آباد، خصوصی رپورٹ: پاکستان میں قائم عوامی جمہوریہ چین کے سفارت خانے نے نئے چینی سال کی خوشیوں کو عوام کے ساتھ بانٹتے ہوئے اسلام آباد میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا، جن میں بچوں اور خاندانوں میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد خوشی، یکجہتی اور پاکستان چین دوستی کے پیغام کو عام کرنا تھا۔
اس سلسلے میں پہلی تقریب سویٹ ہوم اسلام آباد میں منعقد ہوئی، جہاں بچوں میں خصوصی تحائف تقسیم کیے گئے۔ تقریب کے دوران بچوں کے چہروں پر خوشی دیدنی تھی، جبکہ منتظمین نے اس اقدام کو دوطرفہ تعلقات میں عوامی سطح پر محبت اور خلوص کے اظہار کا مظہر قرار دیا۔
دوسری تقریب پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے چلڈرن وارڈ میں منعقد ہوئی، جہاں زیر علاج بچوں میں پاکستان اور چین کے پرچموں سے مزین بیجز، پانڈا اور گھوڑے کے کھلونے، بچوں کی کہانیوں پر مشتمل کتابیں اور دیگر تحائف تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر بچوں اور ان کے اہل خانہ نے اس کاوش کو سراہا اور چینی سفارت خانے کی جانب سے اظہار یکجہتی پر شکریہ ادا کیا۔
بعد ازاں ایف 11 سیکٹر میں مختلف ریستورانوں اور پارکس میں بھی بچوں اور خواتین میں تحائف تقسیم کیے گئے۔ عوام نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان مضبوط ہوتے عوامی روابط کی ایک خوبصورت مثال قرار دیا۔ نئے چینی سال کی یہ تقریبات نہ صرف خوشیوں کا ذریعہ بنیں بلکہ پاکستان اور چین کے درمیان گہری دوستی کے رشتے کو مزید مستحکم کرنے کا سبب بھی بنیں۔
