گلگت بلتستان کےضلع شگر میں واقع دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی براڈ پیک پر برفانی تودہ گرنے کے بعد 10 کوہ پیماؤں سے رابطہ منقطع ہوگیا،جن کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
الپائن کلب پاکستان کےمطابق کوہ پیما 8,047 میٹر بلند براڈ پیک سر کرنے کی مہم پر تھے کہ برفانی تودے کی زد میں آ گئے،جس کے بعد ان سے رابطہ نہیں ہو سکا۔
حکام کےمطابق سرچ ٹیم کی قیادت معروف پاکستانی کوہ پیما سرباز خان کر رہے ہیں، جبکہ لاپتا ٹیم میں امریکی، نیپالی، عمانی اور پاکستانی کوہ پیما شامل ہیں۔

ریسکیو ٹیمیں دشوار گزارعلاقےمیں لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش میں مصروف ہیں،تاہم خراب موسمی حالات کے باعث امدادی کارروائیوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہےکہ براڈ پیک سطح سمندر سے 8,047 میٹر بلند دنیا کی بارہویں بلند ترین چوٹی ہے،جو قراقرم کے پہاڑی سلسلےمیں کے ٹو کے قریب واقع ہے اوردنیا بھر کے کوہ پیماؤں کے لیے انتہائی دشوار چوٹیوں میں شمارکی جاتی ہے۔
