پشاور پشاور میں قائم چینی ثقافتی مرکز چائنہ ونڈو نے پاکستان اور عوامی جمہوریہ چین کی دوستی کی ۷۵ ویں سالگرہ کی مناسبت سے ایک پشتو گیت تیار کیا ہے .یہ گیت خیبر پختونخوا کے معروف شاعر پروفیسر ڈاکٹر اباسین یوسفزئی نے تحریر کیا ہے، جن خوبصورت شاعری نے اس تخلیق کو لازوال بنا دیا ہے۔ نامور صحافی اور چائنہ ونڈو کے ایڈمنسٹریٹر امجد عزیز ملک اس گیت کے ڈائریکٹر ہیں۔خیبر پختون خوا کے ممتاز موسیقار گوہر جان نے گیت کی موسیق ترتیب دی ہے۔ اس گیت کو خیبر پختون خوا کے بین الاقوامی شہرت یافتہ گلوکاروں ڈاکٹر عرفان خلیل اور یمشہ نور نے نہایت خوبصورتی سے گایا ہے، جن کی آوازوں نے اس گیت میں مزید گہرائی اور دلکشی پیدا کر دی ہے۔ اس گیت کی ویڈیو تاریخی گندھارا تہذیب کے اہم مقام تخت بھائی میں فلمائی گئی ہے، جو چین کے ساتھ ثقافتی اور تاریخی تعلق کے حوالے سے بے حد اہمیت رکھتا ہے۔ اس کے علاوہ ویڈیو کی عکس بندی پشاور شہر میں واقع 142 سال سے زائد قدیم روایتی گھر میں بھی کی گئی ہے، جو سات دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط پاک چین دوستی کے تسلسل اور مضبوطی کی علامت ہے۔ گیت کے اشعار نہایت شاعرانہ اور معنی خیز ہیں۔ اس گیت میں لڑکی پاکستانی نوجوان کو ایک شہزادے سے تشبیہ دیتی ہے، جبکہ نوجوان اُسے چین کی ایک پری قرار دیتا ہے۔ دونوں اپنے جذبات اور باہمی تعلق کی گہرائی کو خوبصورت الفاظ میں بیان کیا ہے۔ اس گیت کی باقادہ لانچنگ ۲۰ مئی کو اسلام آباد میں کی جائے گی جس میں خیبر پختون خوا ، اسلام آباد اور چینی سفات خانہ کی ممتاز شخصیات شرکت کریں گی۔
