نازیہ حسن کی 26 ویں برسی آج منائی جارہی ہے،جنہیں دنیا آج بھی کوئین آف پاپ کے نام سے یاد کرتی ہے۔
کراچی میں پیدا ہونے والی نازیہ حسن نے صرف 15 برس کی عمر میں ’’آپ جیسا کوئی‘‘ سے ایسی شہرت حاصل کی کہ جنوبی ایشیا کی پاپ موسیقی کا انداز ہی بدل گیا۔1981میں بھائی زوہیب حسن کے ساتھ ’’ڈسکو دیوانے‘‘ آیا تو نازیہ کی آواز سرحدوں کو عبور کرتے ہوئے دنیا بھر میں پہنچ گئی۔
بوم بوم،ینگ ترنگ اور ہاٹ لائن جیسے البمز نےنازیہ اور زوہیب حسن کی جوڑی کو پاکستانی پاپ میوزک کی تاریخ میں ہمیشہ کے لیے امر کردیا۔
نازیہ حسن صرف گلوکارہ ہی نہیں تھیں،بلکہ وکیل اورسماجی کارکن بھی تھیں۔ 1991 میں انہیں یونیسیف کی ثقافتی سفیر بھی مقرر کیا گیا۔
مگر عروج کی یہ داستان زیادہ طویل نہ ہوسکی،کینسر کے خلاف جنگ لڑتے ہوئے نازیہ حسن 13 اگست 2000 کو لندن میں صرف 35 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں
آواز خاموش ہوگئی،مگر نازیہ حسن کی موسیقی آج بھی زندہ ہے اور ان کا نام پاکستانی پاپ میوزک کی تاریخ میں ہمیشہ روشن رہے گا۔
