بالی ووڈ سپر اسٹار سلمان خان اور ان کی بہن الویرا خان اگنی ہوتری کو بینگ ہیومن جیولری شوروم سے متعلق تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے کے مالی تنازع میں چنڈی گڑھ کی ضلعی عدالت نے 5 اکتوبر کو طلب کر لیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ مقدمہ چنڈی گڑھ کے کاروباری شخص ارون گپتا کی جانب سے دائر کی گئی فوجداری شکایت پر مبنی ہے۔ شکایت میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ انہوں نے بینگ ہیومن جیولری شوروم کے قیام کے لیے تقریباً 3 کروڑ بھارتی روپے کی سرمایہ کاری کی، تاہم معاہدے کے مطابق نہ مطلوبہ تعاون ملا، نہ تشہیری وعدے پورے کیے گئے اور نہ ہی جیولری کی بروقت فراہمی ممکن بنائی گئی، جس سے انہیں بھاری مالی نقصان اٹھانا پڑا۔
شکایت کنندہ کا کہنا ہے کہ انہیں یقین دہانی کرائی گئی تھی کہ شوروم کی افتتاحی تقریب میں سلمان خان خود شرکت کریں گے، تاہم ان کی جگہ اداکار آیوش شرما نے شرکت کی۔ ان کا مزید دعویٰ ہے کہ بعد ازاں جیولری کی سپلائی بھی متاثر ہوئی، متعلقہ دفتر بند ہو گیا اور متعدد خطوط و ملاقاتوں کی کوششوں کے باوجود مسئلہ حل نہ ہو سکا۔
یہ معاملہ پہلی بار 2021 میں سامنے آیا تھا، جب چنڈی گڑھ پولیس نے سلمان خان، الویرا خان اور دیگر متعلقہ افراد کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔ اب تقریباً پانچ برس بعد کیس عدالتی مرحلے میں داخل ہو چکا ہے اور عدالت نے تمام نامزد افراد کو 5 اکتوبر کو پیش ہونے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب بینگ ہیومن فاؤنڈیشن اس معاملے میں پہلے ہی تمام الزامات مسترد کر چکی ہے۔ فاؤنڈیشن کا کہنا ہے کہ متعلقہ معاہدہ لائسنس یافتہ کمپنی اور شکایت کنندہ کے درمیان تھا، جبکہ سلمان خان، الویرا خان اور فاؤنڈیشن اس معاہدے کا حصہ نہیں تھے۔
