بھارتی فلم گجنی اور لگان جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے معروف بھارتی ادا کار ’ پردیپ راوت‘ طویل علالت کے بعد 74 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہو گئے ۔
تفصیلات کے مطابق پردیپ راوت گزشتہ ایک ماہ سے کینسر کے باعث اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کے منیجر سدھارتھ تیواری نے تصدیق کی کہ اداکار کا کینسر دوبارہ شدت اختیار کر گیا تھا اور اسی بیماری کے باعث وہ دنیا سے رخصت ہو گئے۔
اپنی منفرد شخصیت، گہری آواز اور طاقتور منفی کرداروں کے باعث وہ بھارتی سنیما میں ایک الگ مقام رکھتے تھے۔مرحوم اپنے پسماندگان میں اہلیہ اور بیٹے وکرم آدتیہ کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد فلمی شخصیات اور مداحوں کی جانب سے افسوس اور تعزیت کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
اداکار یشپال شرما، جنہوں نے فلم ’لگان‘ میں پردیپ راوت کے ساتھ کام کیا تھا، نے انسٹاگرام پر ان کی تصویر شیئر کرتے ہوئے انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا اور ان کی فنی خدمات کو سراہا۔
انہوں نے عامر خان کی سپر ہٹ فلم ’گجنی‘ میں خوفناک ولن کا کردار نبھا کر شائقین کو متاثر کیا، جبکہ فلم ’لگان‘ میں ان کا کردار دیوا بھی خاصا پسند کیا گیا۔ اس کے علاوہ ’راؤڈی راٹھور‘ اور جنوبی بھارت کی کامیاب فلم ’سائے‘ سمیت متعدد فلموں میں ان کی اداکاری کو ناقدین اور مداحوں نے بھرپور سراہا۔
