پاکستان کی اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو آسکرز 2027 کے لیے منتخب کرلیا۔
پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے کینیڈا میں موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران فلم کے پریمیئر پر اس انتخاب کا اعلان کیا۔
فلم کواکیڈمی ایوارڈزکی بہترین بین الاقوامی فیچرفلم کی کیٹیگری میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب کیاگیا،یہ پہلی مرتبہ ہےکہ پاکستان نےآسکرزکی بین الاقوامی فیچرفلم کی کیٹیگری میں نمائندگی کے لیےکسی دستاویزی فلم کا انتخاب کیا ہے۔
’ہینگنگ بائی اے وائر‘اگست 2023 میں خیبرپختونخوا کے علاقے بٹگرام میں پیش آنے والےکیبل کار حادثے کی کہانی پرمبنی ہے،جس میں 6 اسکول طلبہ سمیت 8 افراد دریائےجھانگری سےتقریباً 600 فٹ بلندی پرکیبل کارمیں پھنس گئے تھے۔
پاک فوج کےاہلکاروں نےہیلی کاپٹر کےذریعےایک شخص کو بحفاظت نکالا،جبکہ باقی افراد کے ریسکیو کے لیےزِپ لائن ماہرین علی سواتی اورصاحب خان کی خدمات حاصل کی گئیں،تقریباً 12 گھنٹے جاری رہنے والے مشکل ریسکیو آپریشن کے بعد تمام 8 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔
محمد علی نقوی نے فلم کی تحریر اور ہدایت کاری کی ہے، جبکہ بلال سمیع اس کے پروڈیوسر ہیں۔ فلم میں عینی شاہدین کی ویڈیوز، زندہ بچ جانے والوں کے بیانات اور واقعے کی سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکس بندی شامل ہے۔
دستاویزی فلم کا عالمی پریمیئر 2026 کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے میں ہوا، بعد ازاں اسے ٹرائی بیکا فلم فیسٹیول میں بھی پیش کیا گیا، فلم کی پاکستان میں ریلیز رواں سال متوقع ہے، تاہم ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
